لاہور۔31مارچ ( اے پی پی ): نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری سیدواجدعلی شاہ،ایڈیشنل سیکرٹری شاہدہ فرخ،سی ای او پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسرڈاکٹربلال محی الدین،ایم ایس پی آئی سی ڈاکٹرتحسین ودیگرافسران نے شرکت کی۔پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن کے وفدمیں صدرپروفیسرڈاکٹرفرقان خورشیدہاشمی،جنرل سیکرٹری محمد راؤ عالمگیر،مکرم انیس اور شبیراحمدکے علاوہ ودیگرعہدیداران شامل تھے۔پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن کے وفدنے نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم کے سامنے فارماسسٹس کی بہتری کیلئے اپنی گزارشات رکھیں۔نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نےاظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباددیتے ہیں۔فارماسسٹس کی جدیدتقاضوں کے مطابق باقاعدہ آن جاب تربیت کروائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پوائزن کنٹرول سنٹربھی قائم کیاجائے گا۔ فارماسسٹس کی بہتری کیلئے پالیسی فریم ورک بنانے کی ضرورت ہے۔فارمیسی کونسل کی ڈیجیٹلائزیشن اور ری ویمپنگ کیلئے پاکستان فارماسسٹس ایسوسی ایشن سے سفارشات مانگ لی گئی ہیں۔ فارماسسٹس کاسرکاری ہسپتالوں میں انتہائی اہم کردارہوتاہے۔