لاہور۔9مارچ (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر 9 ہسپتالوں میں دل کے مریضوں کیلئے فوری انجیوگرافی و سٹنٹنگ کی سہولت فراہم کر دی گئی اور دل کے مریضوں کے بروقت علاج کو یقینی بنانے کیلئے فول پروف مانیٹرنگ کا سسٹم تیار کیا گیا ہے۔وزیراعلی محسن نقوی نے اس ضمن میں پرائمری انجیومانیٹرنگ سسٹم پورٹل کو باقاعدہ لانچ کردیا ہے۔محسن نقوی نے پورٹل کا بٹن دبا کر پرائمری انجیو مانیٹرنگ سسٹم کا آغاز کیا۔دل کے مریض کی مختصر وقت میں انجیوگرافی و سٹنٹنگ کر کے جان بچائی جا سکے گی۔ہسپتال پہنچنے پر متعلقہ عملہ ڈیٹا فیڈ کر کے مریض کا فورا علاج شروع کرے گا۔پاکستان سوسائٹی آف انٹر وینشن کارڈیالوجی کے لائسنس یافتہ ڈاکٹرز انجیو گرافی کریں گے۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ دل کے مریض کی جان بچانے کیلئے فوری طور پر ہسپتال پہنچانا ضروری ہے۔سینے میں درد کی صورت میں مریض کے فوری ہسپتال پہنچنے پر جان بچائی جاسکتی ہے۔محسن نقوی نے دیگر ہسپتالوں میں بھی پرائمری انجیو کا دائرہ کار وسیع کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔پہلے مرحلے میں 9 سرکاری ہسپتالوں میں دل کے مریض کا فوری اور مفت علا ج ہوگا۔وزیراعلی کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ 37 روز میں سرکاری ہسپتالوں میں 1695مر یضوں کی پرائمری انجیو کی گئی۔9 سرکاری ہسپتالوں میں اوسطا 46 مریضوں کی پرائمری انجیوگرافی کی جارہی ہے۔پنجاب میں دل کے مریضوں کے لئے ڈرپ اینڈ شفٹ سسٹم لانے کی تجویز زیرغور ہے۔ہرتحصیل میں ریسکیو1122 کی کارڈیک ایمبولینس مریض کو ہسپتال پہنچائیں گی۔ہر گائوں میں کمیونٹی رسپانس ٹیم مریضوں کو ابتدائی ہنگامی علاج کی سہولت فراہم کررہی ہے۔صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم،معروف ماہر امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر،سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف، ڈی جی ریسکیو1122 ڈاکٹر رضوان نصیر او رمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔