وزیراعظم  شہباز شریف سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن بن فیصل الثانی کی ملاقات،   وزیر اعظم  کا دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقدار پر مبنی برادرانہ تعلقات کا اعادہ

6

اسلام آباد۔3مارچ  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن بن فیصل الثانی نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔  وزیراعظم آفس کے  پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں قطر کے سفیر نے قطر اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے کی جانے والی مختلف سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقدار پر مبنی برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔  انہوں نے ان مضبوط تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنے کے لیے دونوں اطراف کے باہمی عزم کا ذکر کیا۔  وزیراعظم نے 2022 میں تاریخی سیلاب کے نتیجے میں پاکستانی عوام کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔ قطری سفیر نے برادرانہ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور اس سلسلے میں قطر کی جانب سے تعاون کا یقین دلایا۔ واضح رہے کہ قطر تقریباً 250,000 پاکستانیوں کی میزبانی کرتا ہے جو دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔  اس سال پاکستان اور قطر کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ ہے۔  دونوں ممالک اس سالگرہ کو بہترین انداز میں منانے کے لیے پرعزم ہیں۔\932