وہاڑی؛ ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ کا ساتویں خانہ و مردم شماری کا افتتاح

9

 وہاڑی  ،01 مارچ (اے پی پی): ملک بھر کی طرح ضلع وہاڑی میں بھی ساتویں قومی خانہ و مردم شماری کا آغاز کر دیا گیا ،ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے ساتویں خانہ و مردم شماری کا افتتاح دانیوال ٹاؤن میں فیتہ کاٹ کر کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایک گھر پر نمبر لگا کر خانہ شماری بھی کی اور ٹیب کے ذریعے معلومات کے اندراج کا بھی جائزہ لیا ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے کہا کہ قومی خانہ و مردم شماری یکم مارچ سے یکم اپریل 2023 تک جاری رہے گی، ضلع وہاڑی کو خانہ و مردم شماری کے لیے 2ہزار571بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے، خانہ و مردم شماری میں ایک ہزار 492 شمار کنندگان اور 225 سپروائزر ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔

ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے کہا کہ پہلی دفعہ ملک بھر میں ڈیجیٹل مردم شماری کی جا رہی ہے،مردم شماری مستقبل میں عوام کی فلاح وبہبود اور ملک کی ترقی کے لئے موثر ثابت ہوگی، مردم شماری میں ٹیبلیٹ پر گھر گھر جا کر شمار کنندگان  معلومات اکٹھی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہری مردم شماری کیلئے آنے والی ٹیموں کے ساتھ مکمل تعاون کریں، شہری شمارکنندگان کو درست معلومات و کوائف دیں۔شمار کنندگان مردم شماری کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں کو بھی شمار کریں گے۔

 ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے کہا کہ مردم شماری قومی فریضہ ہے جس کوسب نے احسن انداز سے نبھانا ہے، شمار کنندگان اور سپروائزر قومی جذبہ سے ذمہ داریاں ادا کریں،  ضلع اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول روم بنائے گئے ہیں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری ریسپانس کیا جائے گا۔

 ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عیسیٰ خان نے اس موقع پر کہا کہ شمار کنندگان کے ساتھ سیکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے ،ہر شمار کنندگان کے ساتھ ایک اہلکار موجود ہو گا جبکہ  پولیس کی طرف سے مکمل تعاون اور معاونت فراہم کی جائے گی، قومی فریضہ کی ادائیگی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس موقع پر اے ڈی سی ریونیو محمد طیب خان،اے سی وہاڑی کامران افضل بخاری اور اے سی کوارڈینیشن محمد شفیق بھی موجود تھے۔