وہاڑی ؛یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں عالمی یوم خواتین پر سمینار کا انعقاد

8

وہاڑی،08 مارچ (اے پی پی ): حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے یونیورسٹی آف ایجوکیشن وہاڑی کیمپس میں عالمی یوم خواتین پر سمینار کا انعقاد کیا گیا۔

سیمینار کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ تھے۔انہوں نے سیمنار سے خطاب میں کہا کہ اس سال عالمی یوم خواتین کا  تھیم خواتین کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل ایجوکیشن کی تعلیم و تربیت دے کر ان کو معاشی طور پر مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی یوم خواتین کا مقصد ڈیجیٹل ٹولز تک رسائی کو بہتر بنانے میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے کردار کو اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہےاور خواتین کو سماجی، سیاسی،اقتصادی اور معاشرتی طور پر مستحکم بنانا ہے۔

ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ  نے کہا کہ ہمیں خواتین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے معاشرے میں آگاہی دینا ہے،حکومت پنجاب خواتین کی فلاح و بہبود کیلئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں خواتین کا آئی ٹی کے شعبہ میں رحجان بڑھ رہا ہے، پاکستان میں خواتین کو ڈیجیٹل سکلز کی طرف راغب کرنا اور انکی تربیت دینا انتہائی ضروری ہے،آئی ٹی کے شعبہ میں خواتین کی تربیت کرکے انکی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہوگا۔

اس موقع پر پرنسپل یونیورسٹی آف ایجو کیشن وہاڑی کیمپس پروفیسر ڈاکٹر شیخ اسرار احمد نے کہا کہ عالمی یوم خواتین منانے کا مقصد ہم نے اپنے انفرادی رویوں میں تبدیلی لا کر خواتین کو انکے حقوق دلانا ہے، دین اسلام میں خواتین کو تمام حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خواتین کی اہمیت کو تسلیم کرنا ہو گا، خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنا کر اپنی آنے والی نسلوں کی بہترین تربیت کو یقینی بنا سکتے ہیں۔

ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم نے کہا کہ ہمیں خواتین کو فیصلہ سازی میں شامل کرنا ہو گا، خواتین کی رائے کو مقدم جاننا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ہر شعبہ میں بھر پور ترقی مواقع فراہم کرنے ہیں،حکومت پنجاب نے خواتین کو ہر شعبہ میں با اختیار کیا ہے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔

منیجر وومن ورکنگ ہاسٹل سعدیہ اسلم  نت کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کر رہی ہے۔ وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ خواتین کے حقوق کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے مقصد انکی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل کرنا ہے۔

 سیمینار سے ڈاکٹر عمبرین غنی، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر مسرت شاہین، ڈسٹرکٹ آفیسر انڈسٹریز عابدہ حنیف، خواتین پولیس آفیسر ز، نرسنگ سٹاف اور خواتین ریسکیو نے بھی خطاب کیا۔ خواتین آفیسرز نے اپنے شعبہ میں خواتین کے کردار پر روشنی ڈالی۔

سیمینار میں طالبہ و طالبات نے خواتین کی ایجو کیشن کی اہمیت پر خاکہ بھی پیش کیا گیا

 اس موقع پر ڈپٹی ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ڈاکٹر نگہت شاکر،اسسٹنٹ پروفیسر خلیل احمد،انچارچ سٹوڈنٹس افئیرز لیکچرار فقیر حسین اور دیگر طلبہ وطلبات کی کثیر تعدادبھی موجود تھی۔