پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،سیکرٹری تجارت صالح احمد فاروقی

30

اسلام آباد۔16مارچ  (اے پی پی):سیکرٹری تجارت صالح احمد فاروقی نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔پاکستان،آسٹریلیا مشترکہ تجارتی کمیٹی ( جے ٹی سی ) کا نواں اجلاس 16 مارچ 2023 کو وزارت تجارت  اسلام آباد میں منعقد ہوا۔سیکرٹری تجارت محمد صالح احمد فاروقی نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔آسٹریلیا پاکستان کے بڑے ترقیاتی شراکت داروں میں سے ہے۔آسٹریلوی وفد کے رہنما  گیری کوون، فرسٹ اسسٹنٹ سیکرٹری شمالی اور جنوبی ایشیا ڈویژن نے جے ٹی سی کے 9ویں اجلاس کی میزبانی پر  پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آسٹریلیا دوطرفہ تجارت اور باہمی اہمیت کے معاملات پر بات چیت کا منتظر ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری (تجارتی سفارت کاری) احسن علی منگی نے جے ٹی سی اجلاس کے دوران پاکستانی وفد کی قیادت کی۔اجلاس میں مارکیٹ تک رسائی،  پاکستان کے چاول کی برآمدات، زراعت میں درآمدی طریقہ کار، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تجارت کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں فریقین نے مذکورہ شعبوں میں باہمی تعاون جاری رکھنے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔