اوکاڑہ،13مارچ(اے پی پی ):ریٹرننگ آفیسر حلقہ پی پی184،اسسٹنٹ کمشنراوکاڑہ غلام مصطفیٰ جٹ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے مطابق صوبائی اسمبلی پنجاب کے انتخابی عمل کوغیر جانبداراور شفاف انداز سےپایہ تکمیل تک پہنچایں گے۔
ان خیالات کا اظہار ریٹرننگ آفیسر حلقہ پی پی184،اسسٹنٹ کمشنراوکاڑہ غلام مصطفیٰ جٹ نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئےکیا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے صوبائی اسمبلی پنجاب کے انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کے فارم دینے کا کام جاری ہے اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے ضلع اوکاڑہ کے تمام ریٹرننگ اور اسسٹنگ ریٹرننگ آفیسرزسے حلف لے لیا ہے کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کے الیکشن کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جو ذمہ داری ملی ہے اسےغیرجانبدار،شفاف اور احسن اندازسے پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
غلام مصطفیٰ جٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے انتخابات کے سلسلہ میں باقاعدہ تربیت بھی دی گئی ہے جس کے مطابق تمام امیدواران جو کاغذات نامزدگی کے فارم حاصل کررہے ہیں ان کو الیکشن کمیشن سے جاری قواعد وضوابط اور قوانین سے متعلق آگاہی دی جارہی ہے۔