لاہور۔9مارچ (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں رمضان المبارک کے دوران مستحق خاندانوں کو مفت آٹے کی فراہمی کے پروگرام کا جائزہ لیاگیا۔نگران وزیراعلی محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران مفت آٹے کے پیکیج سے مستحق خاندانوں کو حقیقی ریلیف ملے گا۔محسن نقوی نے رمضان المبارک کی آمد سے قبل مفت آٹے کی فراہمی شروع کرنے کی ہدایت کی اورکہا کہ صوبے میں مفت آٹے کی فراہمی کیلئے ٹرکنگ پوائنٹس میں اضافہ کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو مفت آٹا پیکیج کے تحت مستحق افراد کیلئے بہترین سسٹم وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا سسٹم بنایا جائے کہ قطاریں نہ لگیں اورلوگوں کو جلد آٹا مل سکے۔پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ بیک اپ سسٹم بھی تیار رکھے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ریلیف بھی دینا ہے اور قطاروں کی زحمت سے بھی بچانا ہے۔چیف سیکرٹری،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،سیکرٹری خوراک، سیکرٹری خزانہ،چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ڈی جی انڈسٹریز اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔