تھرپارکر ۔ 01 مارچ (اے پی پی):ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ تھرپارکر جام فرہاد بیگ ڈھر نے گورنمنٹ ہائیر سکینڈری اسکول چیلہار کی نئی تعمیر شدہ بلڈنگ کا دورہ کیا۔ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر شمس الدین راٹھور، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری محمد بچل ہالیپوٹو، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد یعقوب، ٹاؤن ایجوکیشن آفیسر سید منور شاہ ، ایجوکیشن ورکس کے انجینئر فراز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ دورے کے موقع پر ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ تھرپارکر نے متعلقہ حکام کو فوری طور پر اسکول کے مسائل حل کرکے اس ہی سال اگست تک بلڈنگ میں تدریسی عمل شروع کرانے کی تاکید کی۔ واضح رہے کہ گورنمنٹ ہائیر سکینڈری اسکول چیلہار کی نئی بلڈنگ سے متعلق ایڈوکیٹ چندر کمار نے ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ تھرپارکر کو آن لائن شکایت کی تھی جس پر نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ تھرپارکر نے دورہ کیا لیکن شکایت کنندہ نوٹس ملنے اور اطلاع ہونے کے باوجود وہاں نہیں پہنچے۔ اس موقع پر تمام متعلقہ حکام اور اسکول کے ہیڈ ماسٹر ارجن کمار کی موجودگی میں ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ تھرپارکر نے اسکول کا معائنہ کیا اور اسکول کا تمام تعمیراتی کام قانون کے مطابق مکمل پایا۔ اس موقع پر ایجوکیشن ورکس تھرپارکر کے متعلقہ حکام نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسکول کی بانڈری وال کے لیے ریوائیس سمری بنا کر اعلی حکام کو ارسال کی جا چکی ہے۔ بعد ازاں ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ تھرپارکر نے گورنمنٹ پراونشلائیزڈ ہائی اسکول چیلہار کا دورہ کیا اور اسکول میں سہولیات کی دستیابی کے معائنہ کیا اور ٹاؤن کمیٹی چیلہار کی جانب سے منعقدہ کتابی میلے میں شرکت کی اس موقع پر ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ تھرپارکر کا کہنا تھا کہ سماج کی ترقی کے لیے تعلیم ناگزیر ہے اور ہم سب کی ترجیحات میں تعلیم کا پہلا نمبر ہونا چائیے۔ اساتذہ محنت کے ساتھ طلبہ وطالبات کو تعلیم دیں اور طالب علم اپنے مستقبل، معاشرے اور ملک کی بہتر کے لیے محنت کے ساتھ تعلیم حاصل کریں جبکہ اس ضمن میں والدین بھی اپنا کردار ادا کریں اور بچوں کو پڑھائی کی جانب راغب کریں۔