ڈپٹی کمشنر  چنیوٹ نے ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کا افتتاح کر دیا

5

چنیوٹ, 01 مارچ (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے ضلع چنیوٹ میں ساتویں ڈیجیٹل مردم شماری کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر محکمہ شماریات کا سٹاف، ڈی ایس پی لیگل اور پاک فوج کے افسران بھی موجود تھے، ڈپٹی کمشنر محمد آصف رضا نے ڈور مارکنگ کر کے مہم کا باقاعدہ آغاز کیا، اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ مردم شماری یکم مارچ تا یکم اپریل تک جاری رہے گی، ضلع  چنیوٹ کو 1187بلاکس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ضلع میں 594 ٹیمیں گھر گھر جا کر ہر شخص کا ریکارڈ مرتب کریں گیں جبکہ ان ٹیموں کی سپروائزری کیلئے 90سپراوئز ڈیوٹی سرانجام دیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ اس مردم شماری مہم میں تمام متعلقہ سرکاری محکموں کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاران سیکیورٹی کے لیے خدمات سر انجام دیں گے، ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اپنے گھروں اور تمام افراد کا درست ڈیٹا ٹیموں کو فراہم کریں یا گورنمنٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ کے ذریعے اندارج کریں، انکا کہنا تھا کہ شہری مردم شماری کے لے آنے والی شمار کنندہ ٹیموں سے تعاون کریں کیونکہ اس مردم شماری کی بنا پر کل کو ملکی وسائل کی تقسیم اور ترقی ممکن ہو گی۔