گورنر پنجاب کو ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیاگیا

13

لاہور۔3مارچ  (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کو گورنر ہائوس لاہور میں المعیز گروپ کی طرف سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لیے وزیراعظم ریلیف فنڈ کے لیے ایک کروڑ روپے کا چیک پیش کیاگیا۔ المعیز گروپ کے سینئر وائس پریذیڈنٹ افتخار بابر اور چیف فنانشل آفیسر واصف محمود نے گورنر پنجاب کو چیک پیش کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ کاروباری حضرات کی سماجی ذمہ داری کے تحت فلاحی کاموں میں خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کار خیر کے کاموں کے لیے گورنر ہائوس کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ  حکومت مشکل معاشی حالات کے باوجود وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان مسلمان بہن بھائیوں کی امداد جاری رکھے ہوئے ہے اور مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر رضوان نصیر کی قیادت میں ریسکیو 1122 کی ٹیم نے ترکیہ میں جس طرح ریسکیو کی خدمات سر انجام دی ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔