میرپورخاص،26 اپریل (اے پی پی ): نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ آئین سے ماورا اقدامات ملک کو بندگلی میں دھکیل سکتے ہیں،ملکی ادارے آئین وقانون کے تناظر میں باہمی احترام و مرتبہ کو ملحوظ خاطر رکھیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت گلبرگ لان میں منعقدہ روایتی عید ملن کے بڑے اجتماع و قبل ازین دفتر جماعت میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہمارا اصولی موقف ہے کہ ملکی استحکام اور تمام مسائل کا حل قرآن و سنت کی بالادستی اور ملک میں اللہ کے احکامات کو عملاً نافذ کرنے میں ہے ،گذشتہ پچہتر سالوں میں تمام تجربات کے باوجود ملک کو سود و قرضوں کی لعنت سے نجات نہ مل سکی،عالمی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن پر بنائی جانے والی پالیسوں سے ملکی ازادی وخودمختاری داؤ پر لگ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ کہا کہ جماعت اسلامی نے ملک کو تناؤ اور بحران کی کیفیت سے باہر نکالنے اور آئین وقانون کی بالادستی کیلئے نیشنل لیڈرشپ سے بات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔











