اسلام آباد، 18اپریل(اے پی پی):عید کے موقع پر مقرر کردہ نرخ سے زائد کرایہ وصول کرنے اور اوور لوڈنگ کی روک تھام کیلئے سپیشل اسکورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، جو شہریوں کی شکایات پر فل فور کارروائی کرے گا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کى زیر صدارت عید الفطر کے موقع پر ٹرانسپورٹ کے کرایوں کے حوالے سے جائزه اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اتھارٹی اسلام آباد، اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹریٹ ، ٹرانسپورٹرز و دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے زائد کرایوں ، اوور لوڈنگ اور تیز رفتاری کے حوالے سے ٹرانسپورٹرز کو ہدایات جاری کیں۔ان کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر ٹرانسپورٹ کے اڈوں پر مسافروں کا رش بڑھ جاتا ہے، جس کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے بعض ٹرانسپورٹرز مقرر کردہ نرخ سے زائد کرایہ اور اوور لوڈنگ کرتے ہیں،جس کی روک تھام کیلئے سپیشل اسکورڈ تشکیل دینے اور اسسٹنٹ کمشنر سیکرٹریٹ کو ضروری ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ شہریوں کی شکایات پر فل فور کارروائی کی جائے۔