اوکاڑہ؛ مصالحہ چکی سے290 کلو ملاوٹی سرخ مرچیں ضبط، مالکان کیخلاف ایف آئی آر درج

14

 

اوکاڑہ،28 اپریل(اے پی پی): پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دیپالپور کے علاقے بصیر پور پکا نارائن کوٹ میں مصالحہ چکی پر فوڈ سیفٹی ٹیم کی جانب سے کارروائی کی گئی۔ٹیسٹ کے دوران مرچوں میں رنگ کی ملاوٹ پائی گئی جبکہ فوڈ لائسنس کے بغیر خوراک کا کاروبار کیا جارہا تھا۔

فوڈ سیفٹی ٹیم نے مصالحہ چکی سے290 کلو ملاوٹی سرخ مرچیں ضبط کرکے جعل سازی کرنے پر مالکان کیخلاف تھانہ بصیر پور میں ایف آئی آر درج کروادی،مرچوں کی مزید جانچ کیلئے سیمپل لیبارٹری بھجوا دیے گئی۔اس کے علاوہ ورکنگ ایریا میں گندگی اور صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے۔

ملاوٹی مرچوں کا استعمال معدے میں تیزابیت اور ہائی بلڈ پریشر جیسی بیماریوں کا باعث بنتا ہے، انسانی صحت سے کھلواڑ کرنے والوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔