اوکاڑہ:حکومت کی طرف سے مزدوروں کے حقوق اور سہولیات کے لئے قانون کے تحت سو فیصد عمل درآمد کروایا جائے،ڈپٹی کمشنر

8

 

اوکاڑہ،19اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ مزدوروں کے حقوق کا تحفظ ہر سرکاری ادارے کے ساتھ ساتھ ان کاروباری اداروں کا بھی ہے جن کے ہاں یہ لوگ خدمات سر انجام دے رہے ہیں حکومت کی طرف سے مزدوروں کو جو سہولیات اور حقوق قانون کے تحت حاصل ہیں ان پر سو فیصد عمل در آمد کروایا جائے،آجر اور اجیر کے خوشگوار تعلقات ہی صنعتی ترقی کے لئے بنیاد فراہم کرتے ہیں ہمیں مزدوروں کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی کے لئے بھر پور اقدامات کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائلڈ بانڈڈ لیبر اور اینٹی ہیومن ٹریفکنگ کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر تمام متعلقہ محکموں کے افسران،این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ انہوں نے محکمہ لیبر، سوشل ویلفیئر پراسیکیوشن،پولیس، سوشل سیکیورٹی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ایک ٹیم کے طور پر کام کریں ضلع میں مزدوروں کے سوشل سیکیورٹی کارڈز کے اجراء،  ان کے طے شدہ اجرت کی ادائیگی اور ان کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے اور ہدایت کی کہ ضلع میں جو صنعتی یونٹ قوانین کی خلاف ورزی کریں ان کے خلاف قانون کے مطابق کروائی عمل میں لائی جائے۔

اجلا س کو بتایا گیا کہ ضلع میں بانڈڈ لیبر کی کوئی شکایت نہیں ہے ضلع میں بھٹہ جات زیگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہیں اور جو بھٹہ جات زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہ ہیں ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔