بین المذاہب مکالمہ اور بین المذہب رواداری کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے: بیرسٹر سید اظفر علی ناصر

39

 

لاہور، 28اپریل(اے پی پی): نگران وزیر اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ صوبائی وزیر نے داتا دربار مسجد میں نماز جمعہ ادا کی اور ملک کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور امن کیلئے خصوصی دعا کی۔ صوبائی وزیر نے دربار حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار کی سکیورٹی، پارکنگ اور لنگر خانے میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے زائرین کے لیے دیگر سہولیات کی فراہمی بارے مختلف پہلوؤں کاجائزہ لیا۔   اس موقع پر اظفر علی ناصر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت 13 سال بعد کار پارکنگ فعال کرکے زائرین کو اہم سہولت مہیا کی گئی ہے۔ صوبائی وزیرنے مزار کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء و صوفیاء کی تعلیمات سے انسان دوستی کا درس ملتا ہے۔ مزارات مقدسہ روحانی آسودگی کا ذریعہ اور صوفیاء کے پیغام، امن اور محبت کا امین ہے۔ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری ؒنے پیار و محبت، انسانیت، اخلاقی اقدار کا درس دیا تھا۔ اگر ہم بھی صوفیاء کے نقش قدم پر چلیں تو دنیا وآخرت دونوں میں کامیابی ہمارا مقدربن جائے گی۔ بین المذاہب مکالمہ اور بین المذہب رواداری کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔