ملتان، 09 اپریل (اے پی پی ):وائس چانسلر ایم این ایس یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان انجنئیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران، ڈائریکٹر کالجز ملتان ڈویڑن پروفیسر ڈاکٹر فرید شریف فاروقی، ڈائریکٹر حج ملتان ملک ریحان عباس کھوکھر اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم نے کہا ہے کہ حضرت محمدﷺ کی آمد سے ظلم و جہالت کے اندھیرے ختم اور نور اسلام کی صبح روشن ہوئی، حضور نبی کریم ﷺ کا اسوہٰ حسنٰہ ہمارے لیے مشعل راہ اور نجات کا ذریعہ ہے، آپﷺ پر کامل ایمان کے بغیر ہمارا دین و دنیا نامکمل ہے ۔رمضان المبارک رحمتوں، برکتوں اور بخشش کا مہینہ ہے اس ماہِ مبارکہ میں ہمیں زیادہ سے زیاد اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کیلئے نیک اعمال کرنے چاہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان المبارک کے موقع پر 19 ویں سالانہ دو روزہ جائزہ حسنِ قرآت و نعت رسول مقبول ﷺکی تقریب تقسیمِ انعامات سے بحیثیت مہمانان خصوصی خطاب میں کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ایم این ایس یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان انجنئیر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران ، ڈائریکٹر کالجز پروفیسر ڈاکٹر فرید شریف فاروقی اور ڈائریکٹر حج ملتان ملک ریحان عباس کھوکھر نے مزید کہا کہ حضرت محمد رسول اللہﷺ کی آمد سے قبل جہالت کا یہ عالم تھا کہ لوگ اپنی بچیاں زندہ دفن کر دیتے تھے مگر آپﷺ کی آمد سے یہ جہالت کا دور ختم ہوا اور اسلام نے خواتین کو وہ حقوق دئیے جو اس سے قبل نا تھے۔
مخدوم شعیب اکمل ہاشمی، پروفیسر ریاست علی، مسز طاہرہ نجم، چوہدری ابرار حسین، پروفیسر عبدالماجد وٹو اور نعیم اقبال نعیم نے کہا کہ نئی نسل میں حبِ رسولﷺ کو پروان چڑھانے کیلئے نعت گوئی موثر ذریعے ہے، رمضان المبارک میں ایسی بابرکت روحانی محافل سے اجر و ثواب کے ساتھ ساتھ قلبی سکون ملتا ہے، ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن مبارکباد کی مستحق ہے کے وہ پچھلے 20 سال سے مسلسل اس محفل کا انعقاد کررہے ہیں۔
اس موقع پر سکولز،کالجز و مدارس کے طلبہ و طالبات میں مقابلہ قرآت و نعت شریف کے جج کے فرائض معروف مذہبی سکالر پروفیسر عبدالماجد وٹو نے سرانجام دیئے جن کے فیصلہ کی روشنی میں مقابلہ قرآت گرلز سکول لیول میں اول یشفٰہ، دوئم حریم فاطمہ، فجر ندیم، سوئم ہمنہ بی بی رہیں اور کالج و مدارس لیول میں اول تحریم، دوئم آمنہ اور سوئم زوش اسلم اور جویریہ عزیز رہیں جبکہ مقابلہ نعت گرلز سکولز میں اول طاہرہ ہاشمی، دوئم دعا شکیل سوئم سیدہ ارشاد اور دعا فاطمہ رہیں۔ کالج لیول میں اول مریم یاسین، دوئم صباءپروین اور ہادیہ، سوئم کنول اعجاز اور منزہ شاہد رہیں جبکہ دوسرے روز طلبا کے درمیان مقابلہ قرآت سکول لیول میں اول عدنان طارق، کالج و مدارس لیول میں اول حمزہ ہمدانی، دوئم عبدالروف اور سوئم زوش علی مصطفٰی رہے جبکہ مقابلہ نعت سکولز میں اول علی جاوید، دوئم سالار اور شعیب سوئم محمد امجد رہے۔نعت کالج لیول میں اول جہانزیب، دوئم محمد محسن، سوئم محمد عرفان اور محمد یونس رہے دیگر شرکاء مقابلہ میں حوصلہ افزائی کے خصوصی انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گیے۔تقریب کے آخر میں ملکی سلامتی و استحکام کے لیے دعاء کی گئی۔