سکھر میں بھی عیدالفطر مذہبی جوش و جذبہ کیساتھ منائی گئی

26

 

سکھر،22اپریل(اے پی پی): ملک بھر کی طرح سکھر میں عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی، دن کا آغاز نماز فجر کے وقت اللہ عزو جلالہ کی عظمت وکبریائی کے اظہار کیلئے باآواز بلند پڑھی جانیوالی تلبیہ اور تسبیحات پڑھنے کے اہتمام سے کیا گیا، عید عیدالفطر کے موقع پر عید گاہ، مساجد، جناح میونسپل اسٹیڈیم، ریلوے گراؤنڈ، پبلک اسکول ،ملٹری روڈ، مرکزی جامع مسجد، منزل گاہ گراؤنڈ، مرکزی امام بارگاہ سمیت ضلع بھر میں 230 سے زائد مختلف چھوٹے بڑے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔

نماز عید کے اجتماعات کے خطبات میں آئمہ مساجد و خطباءنے اسلام دشمن قوتوں کے خلاف امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے عید کے اہم دن کے موقع پرباہمی احترام، مذہبی رواداری کی تلقین کی۔

 نماز عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی ، مقبوضہ کشمیر کی آزادی، بھارت کشمیر میں مسلمانوں کے تحفظ سمیت عالم اسلام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

نماز عید کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات اٹھائے گئے تھے، مرکزی عید گاہ، مساجد، امام بارگاہوں اور عید کی نماز کے مقامات پر پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔