صحت مند معاشرہ کے قیام میں حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت کلیدی ہے: ڈاکٹر جمال ناصر

18

 

لاہور، 28 اپریل (اے پی پی): محکمہ صحت پنجاب کے زیر اہتمام عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات، 2023 کے حوالے سے اختتامی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کے ذریعے بیماریوں سے بچاؤ کے لئے بھرپور وسائل استعمال کئے جارہے ہیں۔ ہرسال 3 کروڑ 80لاکھ بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات اور ویکسینیشن کی جارہی ہے۔ ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ صحت مند معاشرہ کے قیام میں حفاظتی ٹیکہ جات کی اہمیت کلیدی ہے۔ ویکسنیشن کے عمل میں ڈاکٹرز، اساتذہ اور علماء کی خدمات سے استفادہ کیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ رائے عامہ پر اثرانداز ہونے والے سماجی رہنماؤں کی بھی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ ماؤں میں بچوں کو بیماریوں سے بچاؤ کے بارے میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔  ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، ایڈیشنل سیکرٹری ثناء اللہ ملک، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر مختار اعوان اور عالمی ادارہ صحت اور یونیسیف کے نمائندوں نے بھی سیمینار سے خطاب کیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے انکی خدمات پر انہیں شیلڈز پیش کیں۔