لاہور، 29اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر سے پاکستان کٹلری ایسوسی ایشن وزیر آباد کے وفد کی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے کمیٹی روم میں ملاقات ہوئی، وفد کی قیادت چئیرمین آل پاکستان کٹلری ایسوسی ایشن وزیر آباد مہر شکیل احمد کررہے تھے، ملاقات میں کٹلری انڈسٹری کو درپیش مسائل اور کٹلری مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے امور کا جائزہ لیا گیا، صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں کٹلری مصنوعات کی سالانہ ڈیمانڈ 80ارب ڈالر کی ہے، اس شعبے کو حکومت کی مناسب سپورٹ سے ملک کی برآمدات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر آباد میں کٹلری آرٹ اینڈ کرافٹ ویلج بنایا جائے گا-اربن یونٹ اس حوالے سے اپنی سٹڈی مکمل کرچکا ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن اور دیگر سٹیک ہولڈرز باہمی مشاورت سے کٹلری آرٹ اینڈ کرافٹ ویلج کا ورک ایبل ماڈل بنائیں، یہ ویلج کٹلری مصنوعات کی برآمدات بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا، صوبائی وزیر نے منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کی ہدایت کی-مینجنگ ڈائریکٹر پیسک عاصم جاوید، ڈی ایم ڈی اور متعلقہ افسران بھی ملاقات میں موجود تھے جبکہ وفد میں سینئر نائب صدر کٹلری ایسوسی ایشن عدنان جاوید، سابق چیئرمین حمزہ شکیل، خالد مغل اور ایگزیکٹو کمیٹی کے دیگر ممبران شامل تھے-











