ملتان،30 اپریل(اے پی پی):ملتان آرٹس کونسل کے زیر اہتمام عالمی یوم رقص کے موقع پر “رقص میں ہے سارا جہاں” تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں رقص کی مختلف اصناف پیش کی گئیں۔
عطاء اللہ ملتانی گروپ نے لڈی، ملتانی جھمر، گھوڑا ڈانس اور ڈاچی ڈانس پیش کیا۔ ریاض تھہیم گروپ نے صوفی رقص، نینا بھٹی نے کتھک ڈانس، نازلی نور، جہانزیب اور مشعل خان نے کلاسیکل ڈانس، پشپا فیری نے بریک ڈانس، عابد شاہ نے دھمال جبکہ سنبل خان نے ثقافتی رقص پیش کیا۔
تقریب سے خطاب میں ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر فرید شریف نے کہا کہ موسیقی اور رقص جذبات کے اظہار کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک رقص ہماری ثقافت کا خوبصورت اظہار ہے۔
ایڈوائزر ٹیکس محتسب ملتان ڈاکٹر خلیل احمد کا کہنا تھا کہ رقص کی تمام اقسام کی نمائندگی سے عوام کو بھرپور تفریح کا موقع فراہم کرنے پر ملتان آرٹس کونسل انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل سلیم قیصر کا کہنا تھا کہ رقص اعضاء کی شاعری کا نام ہے، اس رنگا رنگ تقریب میں تمام فنکاروں نے اپنے بہترین فن کا مظاہرہ کیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر زاہد اقبال کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں آمد پر ملتان کے عوام کے شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رقص کے عالمی دن کے موقع پر مقامی ثقافت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔