گوجرانوالہ، 28اپریل(اے پی پی): ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر حیدر اشرف نے ریجن بھر کے تھانوں کے ایس ایچ او ز کو شام 4 سے 6 بجے تک شہر یوں کی شکایات کو سننے کے لیے تھانوں میں موجود رہنے کے احکامات جاری کردیے۔سی پی او گوجرانوالہ اور ریجن بھرکے ڈی پی او ز کو ہدایت کی کہ دی گئی ٹائمنگ میں ایس ایچ اوز کی تھانہ میں موجودگی کو یقینی بنائیں۔ صرف غیر معمولی حالات میں ایس ایچ اوز کو چھٹی کی اجازت ہو گی اور اس کی جگہ ایڈیشنل ایس ایچ اوز تھانہ میں موجود رہیں گے۔ آر پی او آفس کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام ایس ایچ اوز کی حاضری کی مانیٹرنگ کی جائے گی جس میں کسی غفلت اور لاپرواہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ریجنل پولیس آفیسرنے ریجن بھر کے ایس ایچ اوز کو سختی سے ہدایت کی کہ تھانہ جات میں آنے والے شہریوں سے انتہائی شائستگی سے پیش آئیں اور ان کو عزت و احترام کے ساتھ بٹھا کر اُن کے مسائل سنیں اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اُن کے مسائل فوری حل کریں۔انہوں نے کہا کہ ہر پولیس افسر اور اہلکار اپنے افعال کا خودذمہ دار ہو گا۔سستی اور کاہلی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔محکمہ کی بدنامی کاباعث بننے والے پولیس افسر اور جوان کے لئے محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔آخر میں ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر حیدر اشرف نے سی پی او گوجرانوالہ اور تمام ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ تھانہ میں شکایت لے کر آنے والے شہریوں سے وقتاً فوقتاًرابطہ کریں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروائے جائیں۔