اسلام آباد۔11اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ قومی نصاب کونسل ملک کے ہر بچے کے لیے مساوی، موثر ا ور اعلیٰ معیار کی تعلیم کو یقینی بنانے میں اہم کردا ر ادا کر رہی ہے۔ قومی نصاب کونسل کی کاوش سےجامع، تازہ ترین ا ور متعلقہ نصاب کا ڈیزائن طالب علموں کو اعلیٰ ا ور معیاری تعلیم فراہم کرتا ہے جو انہیں جدید دنیا کے چیلنجوں کے لیے تیار کر تا ہے ،دور جدید میں شمولیت ا ور جدت کے اصولوں پر مبنی نویں سے بارہویں جماعت کے نصاب کے مسوّدے میں آئین پاکستان ا ور کوڈنگ پر مبنی مواد بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس نصاب کی تیاری میں اس بات کا خیال رکھا گیا ہے کہ خود سے باخبر رہنے ا ور دانشورانہ طور پر باصلاحیت شہریوں کی اگلی نسل کو تشکیل دینے میں مدد مل سکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی نصاب کونسل سیکریٹریٹ کے ہنگامی دورہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جہاں نویں سے بارہویں جماعت تک تعلیمی نصاب کی تکمیل کے حوالے سے بین الصوبائی ورکشاپ جاری ہے جس میں پاکستان کی تمام اکائیوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین تعلیم کی شرکت کو یقینی بنا یا گیا ہے۔راناتنویر حسین نے ورکشاپ میں موجود مضامین کے ماہرین سے ملاقات کی ا و ر نصاب کی تکمیل کے حوالے سے ہدایات دیں۔ان کے ہمراہ وفاقی سیکرٹری برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وسیم اجمل چوہدری،ڈائریکٹر قومی نصاب کونسل سیکریٹریٹ ڈاکٹر مریم چغتائی بھی تھیں جنہوں نے کہا کہ نصاب میں اصلاحات کے لیے مشترکہ نقطہ نظر کو فروغ دینے کے لیے این سی سی سیکریٹریٹ نے ملک بھر سے رائے حاصل کرنے کے لیے متعدد نشستو ں کا انعقاد کیا ہے ا ور اس میں این سی سی سیکریٹریٹ میں ہونے والی بین الصوبائی نصابی ورکشاپس کا انعقاد بھی شامل تھا جن میں پاکستان بھر سے صوبائی نمائندوں کو جمع کیا گیا تاکہ نویں سے بارہویں جماعت کے نصاب کا جائزہ لیا جا سکے ۔