لاہور، 12 اپریل(اے پی پی): نگران صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر کی زیر صدارت محکمہ تحفظ ماحولیات کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے پائرولیسز پلانٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ تحفظ ماحولیات مقرر کر دہ گائیڈ لائنز پر عمل کرنے والے پائرولیسز پلانٹس کا جائزہ لے گا اور محکمہ تحفظ ماحولیات کی تجزیاتی رپورٹ کی روشنی میں ان پلانٹس کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ انسانی زندگیوں کے لئے خطرہ بننے والے پلانٹس بند کرنا ہوں گے۔کسی کو بھی ماحولیاتی آلودگی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے کے لئے معاشرہ کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ سیکرٹری محکمہ تحفظ ماحولیات ڈاکٹر ساجد محمود چوہان ،ڈی جی نادیہ ثاقب، ڈائریکٹر محمد عامر، صدر لاہور چیمبر کاشف انور اور دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔ آل پاکستان آلٹر نیٹ انرجی ایسوسی ایشن کے صدر زاہد سعید اور پائرولیسز پلانٹس کے مالکان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ چئیرمین آل پاکستان آلٹر نیٹ انرجی ایسوسی ایشن زاہد سعید نے اجلاس میں گفتگو کرتت ہوئے کہا کہ معیار پر پورا اترنے والے پائرولیسز پلانٹس کو ریگولرائز کیا جائے۔