لاہور21اپریل(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس کے جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کیلئے کارحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر،چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،سیکرٹری تعمیرات ومواصلات،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلی حکام اورمتعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے
محسن نقوی نے کچے کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کا جائزہ لیا
محسن نقوی نے آپریشن میں حصہ لینے والے پولیس افسروں اورجوانوں سے ملاقات کی
محسن نقوی نے پولیس جوانوں کے حوصلے اورجذبے کو سراہا اور پولیس کے جوانوں کو عید کی مبارکباد اور عیدی دی
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پولیس کو آپریشن کے دوران نمایاں کامیابیاں حاص ہوئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے بہادرافسروں اورجوانوں پر فخر ہے۔ کچے کے علاقے میں امن بحال کرنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کر کے مستقل انفراسٹرکچر قائم کیاجائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ ان عناصر کو کچے کے علاقے میں دوبارہ پنپنے نہیں دیا جائے گا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اورانسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس جوانوں کے ساتھ مل کر ”پاکستان زندہ باد“……”پنجاب پولیس زندہ باد“ کے نعرے لگائے۔