لاہور, 25اپریل(اے پی پی): ۔نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اپنوں کی بے اعتنائی کا شکار بزرگوں کی دل جوئی کے لئے عافیت پہنچ گئے۔محسن نقوی نے بزرگوں کے ساتھ وقت گزارا، عید کی مبارکباد اور تحائف دئیے۔محسن نقوی ”عافیت ” میں مقیم تمام بزرگوں کے کمروں میں گئے اور سب سے فردا فردا ملاقات کی۔نگران وزیراعلیٰ پنجا ب محسن نقوی نے سوشل ویلفیئر کمپلیکس ٹاؤن شپ میں بے سہارا بزرگوں کیلئے قائم ادارے اولڈ ایج ہوم”عافیت“ کا دورہ کیا۔محسن نقوی نے بزرگ مرد و خواتین سے ”عافیت“ میں فراہم کردہ سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔محسن نقوی نے بزرگوں سے ان کے مسائل پوچھے۔بزرگ مردو خواتین نے ”عافیت“ میں کھانے کے معیار اور دیگر سہولتوں پر اطمینان کا اظہارکیا۔محسن نقوی نے ”عافیت“ میں مقیم تمام بزرگوں کی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹریشن کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے آیا ہوں۔آپ جیسے بزرگوں کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔محسن نقوی نے بزرگوں کا باقاعدگی سے میڈیکل چیک اپ کرانے کی ہدایت کی۔بزرگوں نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عافیت میں کھانے کا معیار اور دیگر سہولتیں بہت اچھی ہیں۔یہاں موجود سہولتوں کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے لیکن بدقسمتی سے ہمارے خون کے رشتے سفید ہو گئے ہیں۔اب پرایا خون اپنا لگتا ہے۔نگران اعلیٰ محسن نقوی نے ”عافیت“ میں مقیم روزنامہ نوائے وقت کے سابق کالم نگار اطہر ضمیر سے بھی ملاقات کی۔محسن نقوی نے اطہر ضمیر کو ان کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔محسن نقوی نے اس ضمن میں صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر اور ڈی جی پی آر روبینہ افضل کو موقع پر ہی ہدایات دیں۔محسن نقوی نے بزرگوں کے کمروں میں سپرے کرانے کی ہدایت کی۔محسن نقوی نے بزرگوں کے ڈائننگ روم کا بھی معائنہ کیا۔صوبائی وزراء اظفر علی ناصر، عامر میر، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈی جی پی آر اور محکمہ سماجی بہبود کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔