لاہور28 اپریل(اے پی پی): نگران صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔صوبائی وزیر نے سیالکوٹ، ساہیوال، شیخوپورہ کے ایوان ہائے صنعت وتجارت کے نمائندوں اور صنعتکاروں سے ملاقاتیں کیں اور ان کو درپیش مسائل پر بات چیت کی۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لئے صنعتکاری کا فروغ ناگزیر ہے۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت صنعتکاروں کے مسائل کے حل اور انڈسٹریلائزیشن کے عمل کو تیز کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ آئند چند روز میں انڈسٹریل اسٹیٹس کے بورڈ آف مینجمنٹ تشکیل پا جائیں گے۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت نے کہا کہ بورڈز آف مینجمنٹ کو مستحکم کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ افسوس ناک امر ہے کہ جن پلاٹوں پر فیکٹریاں لگنی تھیں،وہاں گھر بن گئے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ صنعتکار انڈسٹریل اسٹیٹس میں کارخانے لگائیں حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی تو ہی معیشت مضبوط ہوگی اور روزگار کے مواقعیں بڑھیں گے۔ ایس ایم تنویر نے ہدایت دی کہ ایکسپورٹ پراسیسنگ زون سیالکوٹ کی کالونائزیشن اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے 15روز میں لائحہ عمل تیار کر کے پیش کیا جائے۔ صنعتکاروں نے مطالبہ کیا کہ سیالکوٹ پراسیسنگ زون میں فیکٹریاں لگنے میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں۔ ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن عاصم جاوید، ڈائریکٹر پیسک، ڈائریکٹر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔