ملتان: ضلع بھر میں یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام پر امن کی فضاء قائم ہے، ڈی سی عمر جہانگیر

24

ملتان،12 اپریل ( اےپی پی): ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر تمام جلوس اور مجالس پرامن ماحول میں جاری رہیں اور شہر میں مثالی امن و امان کی فضاء قائم رہی ۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے روٹس پر سیکورٹی اور تعمیر و مرمت کے مثالی انتظامات کی بدولت کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز  سی پی او منصورالحق رانا کے ہمراہ مختلف جلوسوں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر نے کہا کہ ضلع بھر میں یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام پر امن کی فضاء قائم ہے جبکہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔عمر جہانگیر کا کہنا تھا کہ روٹس پر صفائی اور تعمیر و مرمت کا کام بروقت مکمل کیا گیا ہے ۔سی پی او منصورالحق رانا نے کہا کہ جلوسوں کو بہترین سیکیورٹی اور پرامن ماحول فراہم کیا گیا۔ضلع بھر میں 12 جلوس جبکہ 15 مجالس منعقد کی گئیں جن کی سیکورٹی کیلئے 1800 سے زائد پولیس افسران نے اپنی ڈیوٹی سر انجام دی۔