میرپور خاص؛ ڈی آئی جی کی منشیات کی روک تھام کیلئے موثر کارروائیاں کرنے کی ہدایت

14

 

میرپورخاص،30اپریل(اے پی پی): ڈی آئی جی آفس میرپورخاص رینج میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس میرپورخاص رینج ذوالفقار علی مھر کی سربراہی میں ضلع میرپورخاص میں امن و امان ، منشیات اور گٹکے کی روک تھام  کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس دوران فیصلہ کیا گیا کہ آئی جی سندھ کے احکامات پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، گٹکا و منشیات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں ضلع  بھر میں منشیات و گٹکے کی روک تھام کے حوالے سے کئے گئے اقدامات اور امن و امان کی مجموعی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر ڈی آئی جی میرپورخاص رینج ذوالفقار علی مھر نے ضلع پولیس کی جانب سے گٹکے ومنشیات کے روک تھام کے حوالے سے کی جانے والی کارروائیوں کو ناکافی قرار دیا اور مزید موثر اور انٹلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کرنے کی ہدایات دیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کے احکامات پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، سوشل کرائم ، گٹکا و منشیات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور کوتاہی کے مرتکب افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

اجلاس میں ایس ایس پی میرپورخاص کیپٹن (ر) اسد علی چودھری سمیت ضلع میرپورخاص کے تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔