نوازشریف کو 2023ء کو بھی انتخابی عمل سے باہر رکھا گیا تو کوئی ان نتائج کو تسلیم نہیں کرے گا،وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف

6

 

اسلام آباد۔18اپریل  (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نوازشریف کو 2023ء کو بھی انتخابی عمل سے باہر رکھا گیا تو کوئی ان نتائج کو تسلیم نہیں کرے گا۔ آئین توڑنے والوں کو تحفظ دینے والوں پر بھی آرٹیکل 6 لگنا چاہئے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ 90 روز الیکشن کرانے سے کوئی انکاری نہیں ہے ‘ ملک کی داخلی’ خارجی اور معاشی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو 2023ء میں بھی انتخابی عمل سے باہر رکھا گیا تو کوئی ان نتائج کو تسلیم نہیں کرے گا۔ ہمیں اداروں کا بڑا احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی کی سزا دینے والوں اور نواز شریف کو سزا دینے والوں کا کوئی نام بھی لینا گوارا نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ آئین توڑنے والوں کو تحفظ دینے والوں پر بھی آرٹیکل 6 لگنا چاہئے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا آخر کیا قصور تھا اس نے سچ بولا جس کی اسے سزا ملی اور ان کے جو بقایاجات تھے وہ بھی آج تک نہیں ملے ۔