نوشہرو فیروز؛ ایسی اسکیمیں تیار کی جائیں جن سے سیلابی صورتحال کے دوران کم سے کم نقصان ہو،امداد حسین صدیقی

3

 

نوشہرو فیروز،18 اپریل (اے پی پی): ڈائریکٹر آپریشن صوبائی ڈزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی  امداد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ ہمیں آئندہ مون سون کی بارشوں کے لئے تیار رہنا چاہیے، تمام ادارے حالیہ برساتوں سے سبق سیکھیں اور ایسی اسکیمیں تیار کریں  جن سے  ممکنہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران کم سے کم نقصان ہو ۔

وہ آج ڈپٹی کمشنر آفس نوشہروفیروز کے کمیٹی روم میں ضلع میں برساتی  پانی کی نکاسی کے لئے بنائی گئی کمیٹی کے چھٹے اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سماجی بھلائی کی غیر سرکاری تنظیموں ،ایف جی آر ایف  دعوت  اسلامی ، ہیلپنگ ہینڈ اور یو این آئی  او ایم کے شکر گزار ہیں  جنہوں ضلع سے باقی ماندہ پانی کی نکاسی کے لئےضلعی انتظامیہ کی مدد کی اورمتاثریں بحالی کے لئے  راشن ، خیمے ، مچھردانیاں اور دیگر چیزیں فراہم کرنے میں مدد فراہم کی۔انہوں نے محکمہ اسکارپ  ایریگیشن کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں قائم تمام پمپنگ اسٹیشنوں کو فعال حالت میں رکھیں اور خود جاکر تمام پمپنگ اسٹیشنوں کا معائنہ کریں۔

 امداد حسین صدیقی نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں قائم تمام ڈرینج ڈسپوزل کو فعال بنائیں اور تمام اسٹیشنوں کی رپورٹ مرتب کرکے ڈپٹی کمشنر آفیس میں جمع کرائیں۔انہوں نے ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو ہدایت کی کہ ضلع کے یونین کونسلوں میں قائم نکاسی آب کی اسکیموں کا خود سروے کریں اور رپورٹ فراہم کریں تاکہ اعلیٰ عدلیہ کو آگاہی فراہم کرنے میں مدد مل سکے۔

  اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ٹو) سید عمار حسین ،ایکسین محکمہ آبپاشی، ایکسین اسکارپ ایریگیشن،ایکسین  پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ، ایکسین سیپکو سمیت   ہیلپنگ ہینڈ کے نمائندے  نے شرکت کی۔