نوشہرہ ورکاں، 20اپریل( اے پی پی): پنجاب میں 14مئی کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے امیدواروں کو پارٹی اور آزاد امیدواران کی حیثیت سے نشانات کی الاٹمنٹ کی آج آخری تاریخ تھی اور وقت چار بجے سے بڑھا کر رات بارہ بجے تک کر دیا گیا ہے۔
گوجرانوالہ پی پی 55 میں نشانات کی الاٹمنٹ کے لیے پی ٹی آئی کے امیدوار عمیر پرویز ورک نے پارٹی ٹکٹ ریٹرننگ آفیسر رانا عنصر جمیل کو پیش کی اور انہیں پارٹی نشان بلا الاٹ کیا گیا ، عمر جاوید ورک کی جانب امیدوار کی حثیت سے دی گئی درخواست واپس لے لی گئی۔
پی پی 55 سے پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے امیدوار ثناءاللہ نے پارٹی ٹکٹ پیش کی تو انہیں کرسی نشان الاٹ کیا گیا جبکہ پی پی 55 میں جماعت اسلامی کے امیدوار رانا اظہر جہانگیر خان نے پارٹی ٹکٹ پیش کی اور انہیں ترازو نشان الاٹ کیا گیا۔
امیدواروں کا پارٹی نشان کے حصول کے لیے آمد کا سلسلہ چل رہا ہے جس کے لیے رات بارہ بجے تک وقت بڑھایا گیا ہے۔
ریٹرننگ آفیسر پی پی 55 رانا عنصر جمیل کا کہنا ہے کہ انتخابی مراحل کو شفاف انداز میں مکمل کیا جائیگا۔











