لاہور 28اپریل ( اے پی پی ) نگران صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا۔اجلاس میں جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے ویکسین کی خریداری کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ ماہرین نے ویکسین کی خریداری کے حوالے سے تجاویز دیں۔اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ لائیو سٹاک سیکٹر کو معشیت کے فروغ میں کلیدی حیثیت حاصل ہے، لائیو سٹاک سیکٹر میں بڑاپوٹینشل موجود ہےاس اہم سیکٹر کے فروغ کے لئے نیشنل ایکشن پلان بنا کرآگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ گوشت اور دودھ کی برآمدات بڑھانے کے لئے جانوروں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک سیکٹر میں انقلاب برپا کرنے کی حکمت عملی بنانا ہوگی۔ ڈیزیز سرویلنس اور ویکسینیشن پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے،سیکرٹری لائیو سٹاک مسعود انور، سیکرٹری لائیو سٹاک جنوبی پنجاب ناصر جمال ہوتیانہ، ڈی جی ریسرچ، ماہرین اور محکمہ لائیو سٹاک کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔