نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا دورہ، عیدالفطر کے موقع پر 61 قیدیوں کو رہا کردیا گیا

43

 

لاہور،19اپریل ( اے پی پی ): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا دورہ، عیدالفطر کے موقع پر 61 قیدیوں کو رہا کردیا گیا ۔محسن نقوی کی ذاتی کاوشوں سے عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن نے دیت اور جرمانوں کی مد میں 11 کروڑ روپے ادا کئے ۔ دیت اور جرمانوں کی ادائیگی کے بعد سنٹرل جیل کوٹ لکھپت میں 61 اسیران کی رہائی کی گئی۔

تقریب میں نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے رہا ہونے والے قیدیوں کو عیدی بھی دی اور کہا کہ  رہا ہونے والے قیدی عیدالفطر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ منا سکیں گے، اسیران کو رہائی کے بعد معاشرے کا مفید شہری بن کر دکھانا ہے،باہر جا کر کسی سے لڑنا ہے نہ جھگڑنا ہے بلکہ ذمہ دار شہری کی حیثیت سے زندگی گزارنی ہے۔

محسن نقوی نےجیل ملازمین کیلئے پولیس شہداء پیکیج کے مساوی پیکیج دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ جیل ملازمین کی تنخواہوں کے پیکیج پر بھی نظرثانی کی جائے گی،جیل ملازمین کے پروموشن کیسز کو جلد نمٹایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عید تعطیلات کے دوران قیدیوں کے ساتھ عزیز و اقارب کی ملاقاتوں میں مزید سہولت اور آسانی دی جائے گی۔

تقریب سے آئی جی جیل خانہ جات اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن بریگیڈیئر (ر) خالد بشیر نے بھی خطاب کیا۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او لاہور، سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن، آئی جی جیل خانہ جات، چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن بریگیڈیئر (ر) خالد بشیر، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔