وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کا ملک میں گندم کی 2 کروڑ 75 لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ پیداوار پر اظہارِ تشکر

10

لاہور ،30اپریل(اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں گندم کی 2 کروڑ 75 لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ پیداوار پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خدا کے فضل و کرم سے ملک میں اس سال گندم کی گزشتہ دس سالوں کی نسبت سب سے ذیادہ پیداوار ہوئی ہے۔

اتوار کو یہاں سرکاری سطح پر گندم کی خریداری پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی کسانوں کو معیاری بیج، کھاد کی بلاتعطل فراہمی، کسان پیکیج اور بروقت فیصلوں کی بدولت گندم کی شاندار پیداوار کا حصول ممکن ہوا،گزشتہ سال بارشوں اور سیلاب کے باوجود گندم کی بمپر کراپ حکومت کے بروقت فیصلوں اور بہترین گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ تمام تر مالی مشکلات کے باوجود گندم کی بمپر پیداوار پر کاشت کار اور پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے، آئندہ سال حکومت اس سے بھی زیادہ پیداوار کیلئے حکمتِ عملی مرتب کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی و وفاقی محکمے براہِ راست کسانوں سے گندم خردیں تاکہ کاشتکار کو بھرپور فائدہ پہنچے،تمام صوبائی اور وفاقی ادارے گندم خریداری کا اپنا ہدف بڑھائیں تاکہ پورا سال گندم کی بلاتعطل فراہمی ممکن ہو جبکہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی  یقینی بنائی جائے،تمام افسران گندم کی بروقت خریداری یقینی بنائیں۔

وزیر اعظم شہبازشریف نے ہدایت کی کہ گندم کی متعین کردہ مقدار کے حصول کے لیے درکار وسائل کو بینکوں کے ذریعے مہیا کیا جائے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو رواں سال ملک بھر میں گندم کی  گزشتہ دس سال کی نسبت 2 کروڑ 75 لاکھ میٹرک ٹن سے ذیادہ پیداوار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور  گندم کے موجودہ ذخائر، کیری فارورڈ ذخائر، وفاقی و صوبائی محکموں کے خریداری کے اہداف اور پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیرِ اعظم نے وفاقی وزیرِ غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ اور متعلقہ حکام کو مبارکباد دی اور وزارت کے اقدامات  کی پذیرائی کی۔انہوں نے تمام اداروں کو اپنے اہداف میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ ،مشیر وزیراعظم احد خان چیمہ، معاون خصوصی طارق باجوہ، نگران صوبائی وزیر برائے انڈسٹریز پنجاب ایس ایم تنویر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔