پشین، 19اپریل (اے پی پی ):خدمت خلق فاؤنڈیشن ( انٹرنیشنل) کے چیئرمین معروف سماجی شخصیت نعمت اللہ ظہیر کی خصوصی ہدایت پر انور طوفانی ملک عبدالفغار صدیقی کی سربرائی میں تورشاہ میں سینکڑوں خانہ بدوش بچوں میں عید کے جوتے تقسیم کئے گئے ۔
اس حوالے سے چیئرمین نعمت اللہ ظہیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مذہب اسلام ہمیں غرباء اور یتیموں سے مدد اور تعاون کا درس دیتا ہے، ہماری زندگی کا اصل مقصد اللہ تعالی کے احکامات کے مطابق زندگی بسر کرنا، اللہ کو خوش کرنا اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنا ہے، ہر انسان اپنے بچوں کےلیے کیا کچھ نہیں کرتا بلکہ کامیاب انسان وہ ہے جودوسروں کےلیے سوچے اور عید خوشیوں کے موقع پر علاقے کے غریب یتیم اور مساکین کا خاص رکھے ۔
انہوں نےکہا کہ خدمت خلق میں جو سکون ملتا ہے وہ کسی اور کام میں نہیں ملتا ہے، جب ہم دوسروں کے بچوں کے غم کو اپنا غم سمجھیں، اپنے غم خوبخود بھول جاتا ہے۔
اس موقع پر محکمہ صحت ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد نسیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ خدمت خلق کے جذبے سے سرشار لوگ معاشرے کا اثاثہ ہیں، دکھی انسانیت کی خدمت عظیم عبادت ہے، خدمت خلق فاؤنڈیشن انٹرنیشنل کے چیرمین نعمت اللہ ظہیر کی خدمات لائق تحسین ہیں ۔