لاہور۔29اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے داخلہ و قانونی امور عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے صوبائی ٹکٹوں میں پیسے کی لین دین کے معاملے پر ثبوت سامنے آ چکے ہیں،اعجاز چوہدری ٹکٹوں کیلئے کروڑوں روپے مانگتے رہے،ٹکٹوں کے تمام پیسے زمان پارک میں رکھے گئے غلے میں ڈا لے جاتے ہیں۔ ہفتہ کو 180ایچ ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ عمران خان کی درخواست پر محمد نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نا اہل کیا گیا، جس سے عمران خان کے سیاسی مخالفین کو اقتدار سے ہٹا کر اس کے لئے سیاسی میدان صاف کیا گیا، مسلم لیگ ن کے خلاف سازشوں کا ِیہ سلسلہ ابھی رکا نہیں، جاری ہے اور ہماری پارٹی کے کارکنان کو دھمکیا ں دی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے خلاف جونازیبا گفتگو کی گئی ، وہ انہیں زیب نہیں دیتی۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں سے پیسے لے کر ٹکٹیں دلوائیں جا رہی ہیں جس کا واضح ثبوت پی ٹی آ ئی کارکن چدھڑ اور ثاقب نثار کے بیٹے کے درمیان گفتگو کی مبینہ آڈیو لیکس کے ذریعے سامنے آ چکا ہے، پی ٹی آ ئی میں زیادہ بولی لگانے والوں کو صوبائی ٹکٹیں دی جارہی ہیں، اس سے ثابت ہو تا ہے کہ عمران نیازی اور ثاقب نثار کا اب بھی آ پس میں رابطہ موجود ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ ثاقب نثار کے کہنے پر پی ٹی آ ئی کے کارکنوں کو ٹکٹیں دی جارہی ہیں،آپ نے پہلے بھی عمران خان کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ دیا اور اب بھی آ پ اسے سہولت کاری فراہم کر رہے ہیں،ثاقب نثار اب آپ ریٹائر ہو چکے ہیں ، آپکا سیاست سے کوئی تعلق نہیں لہذا اپنی ریٹائرمنٹ کی زندگی کو اچھے طریقے سے گزاریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیریان کیس پر پیغامات دیئے جاتے ہیں کہ عمران خان کے خلاف فیصلہ نہ آئے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ چدھڑنے صوبائی اسمبلی کے ممبران کیلئے اعجاز چوہدری کو الگ الگ پیسے دیئے، چھ کروڑ روپے پی ٹی آئی ٹکٹ کا ریٹ ہے، جلیل شرقپوری کو ٹکٹ اس لئے نہیں ملی کیونکہ وہ پورے پیسے نہیں دے سکے ۔ انکا کہنا تھا کہ جس طرح ٹینڈر آتا ہے اسی طرح پی ٹی آئی ٹکٹ کیلئے کم بولی والوں کو ریویو کمیٹی میں ڈال دیا جاتا ہے،کیا ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو کی تحقیقات ہوں گی یا نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محمدنوازشریف کو نااہل کرکے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کیا گیا، اس کا کون ذمہ دار ہے،نوازشریف کو اقتدار سے نکالنے کیلئے عمران خان نے جو سازشیں کیں وہ اب بھی جاری ہیں، ان سازشوں کا حساب کون دے گا، ثاقب نثار کی باقیات اب بس کردیں۔عطا تارڑ نے کہا کہ ٹیلی تھون کے ذریعے عوام سے اکھٹے کئے گئے اربوں روپے کہاں ہیں، سیلاب متاثرین کی امداد کے نام پر اکھٹی کی گئی اربوں روپے کی رقم کہاں گئی، عمران خان نے سیلاب متاثرین پر ایک پیسہ خرچ نہیں کیا، پتہ نہیں عمران خان نے ان پیسوں کا کہاں استعمال کیا ہے۔