لاہور، 25اپریل(اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کا دورہ کیا۔ محسن نقوی ایک بچی کی ڈیڈ باڈی کے پاس کھڑے لواحقین پاس رکے اور معاملے کے بارے استفسار کیا۔لواحقین نے نگران وزیراعلی محسن نقوی کو بتایا کہ ہماری بچی کنزا فاطمہ کو قریبی رشتہ دار نے زہر دیااور ہم بچی کا پوسٹ مارٹم کرانا چاہتے ہیں۔ محسن نقوی نے لواحقین کی درخواست پر متوفیہ بچی کا پوسٹ مارٹم کرانے کا حکم دیا اور پوسٹ مارٹم کے لئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے لواحقین کو انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔محسن نقوی نے ایمرجنسی وارڈ کا دورہ کیااوربچوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ایمرجنسی میں مریض بچوں کی تعداد معمول سے دوگنا زیادہ اور ڈاکٹرزمحنت کے ساتھ علاج معالجے میں مشغول تھے۔محسن نقوی نے ڈاکٹرز کی فرض شناسی اور کام سے لگن کے جذبے کو سراہا اوربچوں کے والدین سے ہسپتال میں میسر طبی سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔محسن نقوی نے زیر علاج بچوں کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے ڈاکٹرز کو بچوں کے بہترین علاج معالجے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہسپتال کے احاطے میں بیٹھے مرد و خواتین سے بھی مسائل پوچھے۔انہوں نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال میں رش کے باعث ایمرجنسی میں توسیع کی جا رہی ہے اور جلد نئے بیڈز کا اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بچے ہمارا روشن مستقبل ہیں، انہیں معیاری علاج معالجے کی سہولتیں دینا ہماری ذمہ داری ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر بھی نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کے ہمراہ تھے۔