ڈیرہ بگٹی؛ مفت راشن پیکج کے تحت 1500 مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کا آغاز

25

 

ڈیرہ بگٹی ، 18  اپریل (ٓاے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے فراہم کردہ مفت راشن پیکج کے تحت ضلع ڈیرہ بگٹی کے 1500 مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کرنے کا آغاز کردیا گیا  ہے۔

 ضلعی انتظامیہ ڈیرہ بگٹی کی جانب سے ڈیرہ بگٹی کے تمام تحصیلوں سے منصفانہ انداز اور صاف و شفاف طریقے سے فہرستیں مرتب کرکے راشن حقداروں تک پہنچانے کے لئے اقدامات جاری ہیں۔ اس تمام عمل کی نگرانی ڈپٹی کمشنر ممتاز علی خود کررہے ہیں  جبکہ تحصیلدار عبدلکریم بگٹی مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کرکے ان کی فہرستیں مرتب کررہے ہیں ۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے رمضان المبارک میں عوام کے لئے راشن فراہمی کا جو اعلان کیا گیاتھا وہ راشن پہنچ چکا اور عوام میں تقسیم کرنے کا آغاز کردیا گیا ہے۔  ابتدائی مرحلے میں ڈھائی سو خاندانوں کو راشن فراہم کردیا گیا ہے ۔

پیکج میں ایک گھرانے کے لئے کئی روز کا راشن موجود ہے جس میں  5 کلو چینی ،5 کلو دال چنا، 5 کلو چنے، 5 کلو چاول، 20 کلو آٹے کا تھیلا، 5 کلو تیل، ایک کلو نمک،  ایک کلو چائے اور مشروب 1/2 کلوگرام راشن موجود ہے۔