لاہور، 19اپریل(اے پی پی): کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے شہر کا دورہ کیا اور لاہور برج توسیعی منصوبے اور سمن آباد انڈر پاس ترقیاتی منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا۔
کمشنر لاہور کو دونوں منصوبوں پر کام کی رفتار پر آن سائٹ بریفنگ دی گئی۔انہوں نے لاہور برج پر فیڈرز کی منتقلی کے کاموں کا جائزہ لیا۔چیف انجینئر ایل ڈی اے اور سی ای او لیسکو نے موقع پر ہی سروسز کی منتقلی اور الائیڈ کاموں پر بریفنگ دی۔
کمشنر لاہور نے لیسکو کی جانب سے بجلی تنصیبات کی جلد از جلد منتقلی کے کام کا جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ اضافی عملہ تعینات کریں تاکہ علاقہ مکینوں کو بجلی کی بندش کی تکلیف سے کم سے کم گزرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ لیسکو سروسز کی بروقت منتقلی سے منصوبے کا بقیہ کام جلد مکمل کرنے میں مدد ملے گی۔
کمشنر لاہور نے ایل ڈبلیو ایم سی کو لاہور برج منصوبے کے گرد صفائی کا ٹاسک دے دیا۔کمشنر لاہور کو سمن آباد انڈر پاس منصوبے پر یوٹیلیٹیز منتقلی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
محمد علی رندھاوا نے کہا کہ کام کی رفتار پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، ٹیمیں دن رات کام جاری رکھیں۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر، سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی صاحبدین و دیگر افسران بھی دورے کے موقع پر ہمراہ موجود تھے جبکہ چیف انجینئر اسرار سعید خان، سی ای او لیسکو ، ایڈیشنل ڈی جی ہیڈکوارٹر عمران علی، پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔