لاہور،27 اپریل(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے مسلم لیگ نواز سعودی عرب کے صدر شیخ سعید احمد، سابق ایم این اے شیخ طارق رشید اور صنعت کار اعجازِ ملک نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کی مشکل حالات میں ھمیشہ آگے بڑھ کے مدد کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب میں بڑی تعداد میں کام کرنے والے پاکستانی ملک میں کثیر زرمبادلہ بھیج کر معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے وفد کو بتایا کہ حکومت ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے جس کی وجہ سے ملک کی معیشت میں استحکام آ رہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ معاشرے میں مثبت رویوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ شیخ سعید احمدنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں مسلم لیگ نواز کی 16 شہروں میں ازسر نو تنظیم سازی کی ہے ۔ قائد مسلم لیگ میاں نواز شریف کے لئے سعودی حکومت کی طرف سے شاھی پروٹوکول پاکستان دوستی کا عملی نمونہ ہے۔ شیخ سعید احمد نے گورنر پنجاب کو مسلم لیگ نواز سعودی عرب کی طرف سے سعودی عرب دورے کی دعوت بھی دی۔