حکومت نوجوانوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی؛ وفاقی وزیر  رانا تنویر حسین

3

اسلام آباد،26مئی(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ ترقی رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ نوجوان ملک و قوم کا اثاثہ ہیں اور حکومت نوجوانوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔

 وہ وزیراعظم وہیل چیئر اسکیم کے سلسلے میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے منعقد کردہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں سکیم کے تیسرے اور آخری مرحلے کے تحت مختلف جامعات کے 37 طلباء میں وہیل چیئزز تقسیم کی گئیں۔ وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر نے کہا کہ جسمانی طور پر معذور طلباء مستقبل کے حوالے سے اعلیٰ ذہن کے حامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا اثاثہ ہیں جن کی فلاح کے لئے حکومت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت مختلف پروگراموں پر عملدرآمد کر رہی ہے۔  انہوں نے معذور طلباء کوزیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔

 چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے وزیر اعظم الیکٹرک وہیل چیئر اسکیم کے پس منظر پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ پروگرام معذور طلباء میں الیکٹرک وہیل چیئرز تقسیم کرنے کے لئے 2017 میں شروع کیا گیاتاکہ ان کے تعلیمی سفر میں معاونت فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے اگلے مرحلے میں سماعت اور بینائی سے محروم طلباء میں ضروری آلات تقسیم کئے جائیں گے۔

 اپنے افتتاحی کلمات میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل نے بتایا کہ2017میں شروع کی جانے والی اسکیم کے پہلے مرحلے میں 206، جبکہ دوسرے مرحلے میں 159وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔ آخری مرحلے میں 240طلباء میں وہیل چیئرز کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ الیکٹرک وہیل چیئر ز وصول کرنے والے طلباء نے بھی اظہار خیال کیا اور وہیل چیئرز کی فراہمی کی اس اسکیم کی تعریف کی۔