لاہور،20 مئی(اے پی پی): آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے دوران ڈیوٹی بہترین کارکردگی پر افسران واہلکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے کیش انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں 85 افسران و اہلکاروں میں تقریبا 13 لاکھ 57 ہزار روپے کے کیش انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں ملتان ریجن میں شامل اضلاع کے 85 افسران و اہلکار شامل تھے جن میں 28 سب انسپکٹرز، 15 اے ایس آئیز، 6 ہیڈ کانسٹیبلز اور 36 کانسٹیبلز شامل تھے۔ سب انسپکٹرز کو 25 ،اے ایس آئیز کو 15، ہیڈ کانسٹیبلز کو 12 جبکہ کانسٹیبلز کو 10 ہزار فی کس کیش انعام دئیے گئے۔
آئی جی پنجاب نے انعامات حاصل کرنے والے افسران و اہلکاروں کو شاباش دی اور پہلے سے زیادہ محنت سے کام کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے قلع قمع کیلئے زیادہ دلجمعی اور فرض شناسی کے ساتھ فرائض ادا کریں، محکمہ سے ملنے والی اس عزت افزائی کو فرائض کی مزید ذمہ دارانہ ادائیگی اور بہترین خدمات سے شہریوں تک پہنچائیں۔