اٹک؛ یوم تکریم شہداء پر پولیس لائن میں تقریب، شہداء کے  فیملیز کی شرکت

11

اٹک، 25 مئی (اے پی  پی ): اٹک میں یوم تکریم شہداء عقیدت و احترام سے منایا گیا ، پولیس لائن اٹک میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں شہداء کے  والدین، بیوگان ،یتیم بچوں اوردیگر عزیز و اقارب کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا ، مہمان خصوصی ڈی پی او اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان تھے۔

 تقریب میں تمام سیکیورٹی فورسز کے افسران سمیت ایس پی انویسٹی گیشن اٹک جویریہ جمیل، سپرنڈنٹ جیل عارف شہزاد گل ، ڈی ایس پی اظہر   شبیر ، اے ایس پی سندس، پی آر او اٹک پولیس محمد نعیم   سمیت پولیس افسران  بھی شریک ہوئے ۔ پولیس لائن میں یادگار شہداء پر سلامی کے بعد شہیدوں کیلئے دعا کی گئی ۔

  تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول سے ہوا ، نظامت کے فرائض اے ایس پی سندس نے بخوبی ادا کئے ۔تقریب میں شریک ڈی پی او نے شہداء کے لواحقین کو گلدستے پیش کئے، یتیم بچوں سے پیار کیا  اور شمعیں روشن کیں۔

اس موقع پر شہداء کی فیملیز کے نمائندہ خطاب میں شہید ڈی ایس پی شوکت شاہ گیلانی کی بیوہ نے کہا کہ  یوم تکریم شہداء کا مقصد  شہداء کی قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے ، شہیداء ملک و قوم پر قربان ہو جاتے ہیں لیکن اس کی قیمت ساری عمر  شہداء کی بیوگان ، یتیم بچے ، والدین اور لواحقین چکاتے ہیں ۔ انہوں نے شہداء کے خاندانوں کو ہر موقع پر یاد رکھنے  اورریلیف فراہم کرنے  پر آئی جی پنجاب اور ڈی پی او اٹک کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی ان کی کفالت و امداد کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

 اس موقع پر ڈی پی او اٹک  ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے میڈیا، اے پی پی سے خصوصی  گفتگو  اور تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ  شہدائے وطن چاہے ان کا تعلق کسی بھی فورس سے ہو ہمارے ہیروز اور ماتھوں کے جھومر ہیں۔ انہوں نے ملک و قوم   اورقیام امن و امان کیلئے   عظیم قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک و قوم کی  خاطر اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اور عزت کیلئے  ہم بھی شہادت  کیلئے ہمہ وقت  تیار  رہتےہیں۔

 ڈی پی او نے کہا کہ  آئی جی پنجاب کے احکامات پر شہداء کے خاندانوں اور غازیوں کو ہر ممکن ریلیف دیا جا رہا ہے ،  اس موقع پر آئی جی پنجاب کا خصوصی پیغام بھی سنایا گیا جس میں انہوں نے شہداء اور ان کے تمام لواحقین  کو خراج عقیدت  اور سلام پیش کیا گیا۔