بلوچستان پولیس نے سمارٹ فون موبائل ایپلیکیشن ’’بولان ہمسفر ‘‘متعارف کروادی

18

کوئٹہ،9مئی (اے پی پی):آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کے مہذب ہونے کا اندازہ لگانا ہو تو اس کے ٹریفک نظام کو دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے۔جس معاشرہ میں ٹریفک قوانین کا زیادہ احترام ہو گا وہ تہذیب وتمدن کا گہوارہ ہوگا۔بلوچستان پولیس کی جانب سے ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے حال ہی میں بہت سے اقدامات کئے ہیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں  نے سمارٹ فون موبائل ایپلیکیشن بولان ہم سفر متعارف کرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سمارٹ فون موبائل ایپلیکیشن بولان ہمسفر متعارف کرانے کی تقریب میں وائس چانسلر بہادر خان ویمن یونیورسٹی ساجدہ نورین ،وائس چانسلر الحمد یونیورسٹی جاوید ارواح، تعمیر نو کالج کے پروفیسر عابد مقصود ، بیوٹمز کے اساتذہ کرام ،ایڈیشنل آئی جی پولیس جواد احمد ڈوگر ، ایڈیشنل آئی جی و کمانڈنٹ بی سی سلمان چوہدری،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی سی کاشف عالم ،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر شہاب عظیم لہڑی، ڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظہر مہیسر سمیت پولیس کے اعلی افسران اور سول سوسائٹی نے شرکت کی۔

  عوام کی سہولت کے پیش نظر روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے آگاہی کے حوالے سے نشریات براہِ راست سننے کے لئے بلوچستان پولیس نے سمارٹ فون موبائل ایپلیکیشن بولان ہمسفر تیار کی ہے۔ بولان ہمسفر موبائل ایپلیکیشن کسی بھی اینڈروئیڈ سمارٹ فون میں موجود پلے سٹور سے با آسانی ڈاون لوڈ کی جا سکتی ہے۔ موبائل ایپلیکیشن ڈاون لوڈ کرنے کے بعد گٹ سٹارٹر کے آپشن کو پریس کرنے کے بعد آپ بولان ہم سفر موبائل فون ایپلیکیشن کی توسط سے ٹریفک پولیس کی نشریات براہِ راست نہ صرف سن سکتے ہیں بلکہ لائیو پروگرام میں شامل بھی ہو سکتے ہیں۔آپ اپنی تجاویز اور آرا بھی سے بھی آگاہ کر سکتے ہیں۔ اگلے مرحلے میں بہت جلد ایف ایم ریڈیو کی نشریات کا بھی آغاز ہو جائے گا اور پھر ایف ایم ریڈیو کی لائیو نشریات کو بولان ہمسفر موبائل ایپلیکیشن کے ساتھ لنک کر دیا جائے گا۔ ایف ایم ریڈیو کا مقصد عوام کو ٹریفک قوانین، ٹریفک جام، سڑکوں پر رش اور ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے ۔