بورے والا؛ آر پی او سہیل احمد چوہدری کا تھانہ ماڈل ٹاون کی نئی بلڈنگ کا افتتاح

14

بورے والا،  30  مئی (اے پی پی): آر پی او ملتان سہیل احمد چوہدری نے ڈی پی او وہاڑی عیسی خاں سکھیرا اور معززین شہر کے ہمراہ تھانہ ماڈل ٹاون کی نئی عمارت  کا افتتاح کردیا ہے ۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر پی او سہیل احمد چوہدری نے کہا کہ تھانوں کی عمارت کی تبدیلی کے ساتھ تھانہ کلچر کی تبدیلی بھی کی جارہی ہے،ہماری سب سے پہلی ترجیح نئے تھانوں کی زیر تکمیل عمارت  کی تکمیل ہے،تھانوں کی نئی جدید عمارت عوام کے ٹیکسز سے دیئے گئے تحفے ہیں ۔انہو ں نے کہا کہ  ڈی پی او وہاڑی اور انکی ٹیم کی ضلع وہاڑی میں  کرائم فائٹنگ قابل ستائش ہے، جرائم کے خاتمہ کے لئے قانون کے اندر رہ کر کام کرنا ہوتا ہے۔

آر پی او سہیل احمد چوہدری  نے کہا کہ سول سوسائٹی کے تعاون سے شہروں میں جرائم کی نشاندہی اور جرائم پیشہ افراد کی شناخت کے لئے مزید سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے جبکہ عوام جرائم کے خاتمہ کے لئے پولیس کی راہنمائی کریں۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او وہاڑی عیسی خاں سکھیرا نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق روائتی پولیس کلچر کو ہر ممکن طور پر تبدیل کرکے عوام دوست کلچر کو ترجیح دیاہے۔انہوں نے کہا کہ  تھانہ ماڈل ٹاون کی نئی 4 منزلہ بلڈنگ 125 ملین روپے سے پایہ تکمیل کو پہنچی ہے جوکہ کئی سالوں سے تاخیر کا شکار تھی ۔

ڈی پی او نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی عوام دوست پالیسی کے تحت عوام کو انصاف کی فراہمی ہرممکن طور پر یقینی بنانا ہماری اولین ذمہ داری ہے،جدید طرز تعمیر سے مکمل ہونے والے تھانے تمام سہولیات سے آراستہ ہیں۔

 تقریب سے خطاب میں نمائندہ شہریوں نے پولیس کی جانب سے جرائم میں خاطر خواہ کمی کے لئے کی جانیوالی کاروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

نئے بلڈنگ کی افتتاحی تقریب میں سابق ایم این اے چوہدری نذیر احمد آرائیں،سابق ایم پی اے سردار خالد محمود ڈوگر،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر میڈم روبینہ عباس،ڈی ایس پی بورے والا عمر فاروق بلوچ،سول سوسائٹی نیٹ ورک کےپیٹرن انچیف شیخ شہزادمبین،معروف سماجی شخصیت رانا طاہر کریم،رانا محمد اجمل خاں،سردار ظہور احمد ڈوگر،راو عزیز الرحمان،صدر وہاڑی چیمبر آف کامرس میاں خالدحسین دیگر نمائندہ شخصیات بھی موجود تھیں۔