بہاولپور، 25 مئی (اے پی پی): یوم تکریم شہداء کے سلسلے میں ختم نبوت چوک سے میلاد چوک تک ریلی نکالی گئی۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے ریلی کی قیادت کی۔
اس موقع پر کمشنر بہاولپور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہماری قوم کے لیے باعث فخر ہیں، شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہمارا ملک محفوظ اور مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جان، مال اور خاندان کی قربانیاں دیں۔
ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا کہ پوری قوم شہداء اور افواج پاکستان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، پوری پاکستانی قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ عبدالرزاق شائق اور دیگر نے پاک فوج کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ یوم شہداء ریلی کے موقع پر شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر افواج پاکستان اور شہداء کے حق میں نعرے درج تھے۔
ریلی میں ڈپٹی کمشنر بہاولپور ظہیر انور جپہ، سرکاری محکموں کے افسران و عملہ، علمائے کرام، سیاسی جماعتوں کے کارکنان، اساتذہ، طلباء، سول سوسائٹی کے ارکان اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔