تعلیمی اداروں میں ایسا ماحول فراہم کیا جائے جہاں ہر بچہ اپنے آپ کو محفوظ تصور کرے؛ وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین

16

اسلام آباد،25مئی(اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے بچوں کے حقوق کو برقرار رکھنے اور عدم تشدد کے کلچر کو ختم کرنے میں قوانین کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں میں ایسا ماحول فراہم کیا جائے جہاں ہر بچہ اپنے آپ کو محفوظ تصور کرے۔

وزارت قانون و انصاف، وفاقی تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کی وزارت  بچوں کے حقوق کے بارے میں پارلیمانی کاکس اور یونیسف پاکستان کے زیر اہتمام  “اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری”پرہیبیشن آف کارپورل پنشمنٹ رولز 2022″کے کامیابی کے ساتھ آغاز اور معاونت کے لئے اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف ٹین ٹو  میں تقریب کا انعقاد کیاگیا۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے بچوں کے حقوق کو برقرار رکھنے اور عدم تشدد کے کلچر کو ختم کرنے میں ان قواعد کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ “آئیے ہم مل کر ان اصولوں کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے لئے کام کریں اور ایسا ماحول بنائیں جہاں ہر بچہ تحفظ محسوس کرے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ قواعد سکولوں میں تشدد کو کم کرنے کے آغاز کے طور پر کام کریں گے اور اس کی پیروی کرنے کے لئے تمام صوبائی وزارت تعلیم کو خط لکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔

وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ نے جسمانی سزا کے قوانین کو نافذ کرنے پر متعلقہ فریقین کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اخلاقیات اور اقدار کو زبردستی یا سزا کے ذریعے نہیں سکھایا جا سکتا اور کہا کہ یہ ایک دیر سے لیکن درست سمت میں اٹھایا گیا اقدام ہے، آج سے ان اصولوں کا نفاذ ہمارے بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہمارے وسیع تروژن کو حاصل کرنے میں بنیادی معاونت کا کام کرے گا۔  انہوں نے مستقبل میں بھی بچوں کے حقوق اور متعلقہ قانون سازی کے مقصد کی مکمل حمایت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

“اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پرہیبیشن آف کارپورل پنشمنٹ رولز، 2022” کا اجراء دارالحکومت کے علاقے میں بچوں کو جسمانی سزا کی لعنت سے بچانے کی انتھک کوشش میں ایک تاریخی سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ جامع قواعد جو آج سے لاگو ہیں، “جسمانی سزا کی ممانعت ایکٹ، 2021” کے تحت آتے ہیں جو جسمانی سزا کو ختم کرنے اور بچوں کے لئے محفوظ ماحول پیدا کرنے کے لئے حکومت اور سٹیک ہولڈرز کے عزم کو تقویت دیتے ہیں۔

اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز ایف ٹین ٹو کی پرنسپل نے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے وفاقی تعلیم اور قانون کی وزارت کی  جسمانی سزا کے خلاف ان کے عزم کی مشترکہ کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔