تھرپار؛بلدیاتی انتخابات 2022 کے منتخب نمائندوں کی تقریب حلف برداری

21

تھرپارکر،22 مئی( اے پی پی ): ضلع تھرپارکر کے بلدیاتی انتخابات 2022 کے منتخب نمائندوں کی تقریب حلف برداری آج ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کمپلیکس مٹھی میں منعقد کی گئی۔ تقریب حلف برداری میں ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لعل ڈنو منگی نے بلدیاتی انتخابات 2022 کے منتخب نمائندوں سے حلف لیا جس میں ممبرز آف ڈسٹرکٹ کاؤنسل ، وارڈز ممبرز آف میونسپل کمیٹیز، ممبرز آف ٹاؤن کمیٹیز،  ممبرز آف یونین کونسلز نے حلف اٹھایا ۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر لعل ڈنو منگی نے تمام منتخب نمائندوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضلع تھرپارکر میں پانی کا مسئلہ بہت اہم ہے جس کے لیے یہاں بھی ایک نہری نظام ہونا چاہیے اور میں سمجھتا ہوں کہ یہ سب مقامی نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کوششوں سے ہی ہو سکتا ہے۔انہوں نے اپنی امید کا اظہار کیا کہ انشاء اللہ ضلعی انتظامیہ تھرپارکر اور ضلع کونسل کے اراکین مل کر عوام کی خدمت کریں گے اور عوامی مسائل کے حل میں اپنا اپنا منفرد کردار ادا کریں گے۔

تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر انجینئر گیان چند، ضلع انفارمیشن سکریٹری، الیکشن کمشنر تھرپارکر سلیم الدین دل سمیت دیگر علاقہ معززین نے شرکت کی۔