جلالپورپیروالا؛ کٹا بچاؤ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ افراد میں چیک تقسیم

38

 

جلال پورپیروالہ،20مئی (اے پی پی ):ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ساؤتھ پنجاب ڈاکٹر محمود اعجاز گورسی نے جلال پور کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے  کٹا بچاؤ پروگرام اور کٹا فربہ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ کیے گئے کٹوں کے 189 مالکان میں 1 کروڑ 70 لاکھ 21 ہزار 497 روپے مالیت کے چیک تقسیم کیے۔

 ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر جمشید اختر نے ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ساؤتھ پنجاب کو جلال پور میں محکمہ لائیو سٹاک کی کارکردگی اور مویشی پالنے والوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی ۔ڈاکٹر محمود اعجاز گورسی نے جلال پور میں جاری لمپی سکن بیماری کی ویکسین مہم کا جائزہ لیا اور کہا کہ ویکسین کے کولڈ چین سسٹم کو آخر تک برقرار رکھا جائے ۔

ڈاکٹر محمود اعجاز گورسی نے ویٹرنری آفیسرز کے ساتھ میٹنگ بھی کی اور کہا کہ مویشی پال حضرات کو بہترین ویٹرنری سروسز کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے، مویشی پال حضرات کو ویٹرنری سروسز کی بلا تعطل فراہمی پر کو کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، ڈاکٹرزگاؤں گاؤں جاکر مویشی پال حضرات کو جانوروں اور پرندوں کی مختلف بیماریوں بارے اگاہی دیں۔

انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیوسٹاک آفس میں شجر کاری بھی کی اور نواحی علاقے کرموں والی میں زیر تعمیر ویٹرنری ڈسپنسری کے جاری تعمیراتی کام کا جائزہ بھی لیا ۔